Tuesday, November 6, 2012

مسائل کا حل صرف مذاکرات سے : محبوب بیگ



اسلام آباد//ہندوپاک کے درمیان مسلسل اور بغیر رکاوٹ مذاکرات پر زور دیتے ہوئے ممبر پارلیمنٹ اور نیشنل کانفرنس کے سنیئر لیڈر ڈاکٹر محبوب بیگ نے کہا ہے کہ تمام مسائل کا حل صرف مذاکرات کے ذریعہ ہی نکالا جا سکتا ہے۔انہوں نے منگل کو سارک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بات چیت کے عمل کو منطقی انجام تک پہنچانے کی ضرورت ہے اور اس کا سب سے زیادہ فائدہ کشمیری عوام کو ہی مل سکتا ہے۔ڈاکٹر بیگ جو سارک کانفرنس میں ہندوستانی ڈیلی گیشن کے رکن ہیں،نے اپنیتقریر میں ہندوستان اور پاکستان پر زور دیا کہ وہ سارک کے دو بڑے ممالک ہونے کے ناطے ان تمام مسائل  ،جو خطہ میں سماجی و اقتصادی نقصان کا باعث بن گئے ہیں ،کو بات چیت کے ذریعہ حل کرکے اپنا کردار ادا کریں  ۔انہوں نے کہا کہ تمام مسائل کا حل نکالنے کی ذمہ داری ان دو نیوکلیائی ممالک پر عائد ہوتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن کا خاتمہ سارک ممالک کے لئے ایک اور چیلنج بن گیا ہے۔انہوں نے کہا ’’یہ کہنا اچھا لگتا ہے کہ ہم دنیا کی آبادی کا پانچواں حصہ ہیں لیکن جنوبی ایشاء میں آج بھی لوگوں کی اکثریت بھوک کا شکار ہے۔انہوں نے کہاکہ سارک ممالک کو سختی سے ایسے اقدامات کرنے چاہیے جس سے غریب اور ضرورت مندوں کو فائدہ پہنچنے۔بعد میں اس نمائندے سے فون پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر بیگ نے کہا کہ گزشتہ دو روز کے دوران انہوں نے پاکستان کی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر سمیت پاکستان کے کئی سیاسی لیڈران سے ملاقات کی۔دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے تعلقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بیگ نے امید ظاہر کی کہ دنوں ممالک مسلسل اور بغیر رکاوٹ مذاکرات جاری رکھکر تمام مسائل حل کریں گے۔

No comments:

Post a Comment