کشمیر پر کسی قسم کی سودے بازی نہیں ہونے دیں گے: زرداری
نثار احمد ٹھوکر

اسلام آباد//صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کشمیری عوام کی حصول حق خودارادیت کی حمائت کااعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تنازع کشمیر کا پرامن حل چاہتا ہے۔صدر پاکستان نے ان خیالات کا اظہار یہاں ایوان صدر میں حد متارکہ کے دونوں جانب تعلق رکھنے والے کشمیری قائدین کے ایک نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیاجس میں حریت کانفرنس کے دونوں دھڑوں کے نمائندوں کے علاوہ پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے وزر اعظم چوہدری مجید اورسینروزیر چوہدری یاسین بھی موجود تھے۔ذرائع نے کشمیر عظمی ٰ کو میٹنگ کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ صدر پاکستان نے کشمیری قائدین کو یقین دلایا کہ انکی پارٹی کسی صورت کشمیر پر سمجھوتا نہیں ہونے دیگی۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی بنیادی طور پر مسئلہ کشمیر کیوجہ سے وجودمیں آئی ہے لہذا اس اہم مسئلے کو نظر انداز کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔دریں اثناء وزیر اعظم چوہدری نے کل کشمیر ہائوس اسلام آباد میں صدر پاکستان کے اعزاز میں استقبالیہ دیا۔استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہا کہ کشمیریوں کی بھرپور سپورٹ کرتے رہیں گے۔ کشمیریوں نے لاکھوں کی تعداد میں قربانیاں دی ہیں۔ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ قوموں کی آزادی کی تحریک میں 50 ،100 سال کوئی اہمیت نہیں رکھتے۔ کشمیریوں کو ان کا حق مل کر رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے لیے میرا پیغام ہے کہ کشمیری اپنی منزل حاصل کر کے رہیں گے۔
No comments:
Post a Comment