نثار احمد ٹھوکر
اسلام آباد////وزیراعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف آج پاک زیر انتظام کشمیر کا دورہ کریں گے۔ وزیراعظم راجہ اپنے پہلے دورے کے دوران عوامی اجتماع سے خطاب کرنے کے علاوہ کئی تعمیراتی پروجیکٹس کا افتتاح بھی کریں گے۔ پرائم منسٹر کے میڈیا ایڈوائزر مرتضٰی درانی نے کشمیر عظمیٰ کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان اٹھمقام میں تاریخی جلسہ عام سے خطاب اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کی نئی عمارت کے افتتاح کے علاوہ وادی نیلم میں موبائل سروس کا بھی افتتاح کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ راجہ پرویز اشرف اٹھمقام سے تائو بٹ تک شاہراہ بے نظیر کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے ۔انکا کہنا تھا کہ ان تعمیراتی منصوبوں سے علاقے میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ عوام کی معاشی حالت بھی بہتر ہوگی۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ نیلم ویلی گذشتہ ایک دہائی سے زیادہ عرصہ تک سیز فائر لائن پر فائرنگ کیوجہ سے عملی طور پر محاصرے میں رہی ہے جس سے علاقے میں معیشت اور بنیادی انفراسٹرکچر بری طور پر متاثر ہوا۔تاہم علاقے میں صورتحال میں یکسر نمائیاں تبدیلی رونماہوئی جب 2003ء میں پاکستان کے سابق صدرپرویز مشرف کے یکطرفہ سیزفائر بندی کے اعلان کے بعد بھارت نے بھی سیز فائر کا فیصلہ کیا۔
No comments:
Post a Comment