نثار احمد ٹھوکر
مظفر آباد//پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اقدامات اٹھانے کے حوالہ سے پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کیا۔ یہاں جاری ایک بیان کے مطابق وزیر اعظم نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدر پاکستان نے کشمیر کے مستقبل کے فیصلے کے حوالے سے بین الاقوامی فورم پر جس دیدہ دلیری سے آواز بلند کی ہے اس سے نہ صرف کشمیریوں کے حوصلے بلند ہونے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی برادری میں مسئلہ کشمیر کی اہمیت اجاگر ہوئی ہے۔انکا کہنا تھا کہ جنرل اسمبلی میں صدر پاکستان کے مسئلہ کشمیر کے حل اور کشمیری عوام کو استصواب رائے کا حق دینے کیلئے دلیرانہ موقف کے برملا اظہار سے مسئلہ کشمیر کو نئی جہت ملی ہے اور اس کے یقینا مسئلہ کے حل کے لیے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ صدر پاکستان نے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق سے ملاقات کے دوران بھی مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف سے پیچھے نہ ہٹنے کے عزم کا واضح اظہار کر کے جس طرح مظلوم کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کے عہد کی تجدید کی ہے اسے کشمیری عوام میں صدر پاکستان کی قدر منزلت میں مذید چاربڑھ گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ حریت کانفرنس آر پار کے کشمیریوں کی نمائندہ تنظیم ہے جو کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق دلانے کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے پوری دنیا میں جدوجہد میں مصروف عمل ہے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی مسئلہ کشمیر کے حل کی راہ سے کبھی بھی راہ فرار اختیار کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتی اور تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ آزاد خطہ میں قائم پیپلز پارٹی کی عوامی حکومت کی اولین ترجیح کشمیر کی آزادی ہے ۔
No comments:
Post a Comment