اسلام آباد میں لبریشن فرنٹ کے سرپرست کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ
نثار احمد ٹھوکر
نثار احمد ٹھوکر
اسلام آباد// لبریشن فرنٹ نے کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی حکومت کی ظالمانہ کاروائیوں کا فی الفور نوٹس لیں اور بھارت کیخلاف انسانی حقوق کی عدالت میں جنگی جرائم کا مقدمہ چلایا جائے۔بدھ کے روزنیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے ایک احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے لبریشن فرنٹ کے رہنماؤں نے بھارتی فوج کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر طاقت کے استعمال، سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کو پابند سلاسل رکھنے، ماورائے عدالت قتل عام اورفورسز کی جانب سے پرامن مظاہرین پرطاقت کا بے دریغ استعمال کی پرزور مذمت کی۔ فرنٹ کے سرپرست اعلیٰ امان اللہ خان کی قیادت میںمنعقدہ احتجاجی مظاہرے میںجے کے ایل ایف کے مرکزی رہنماؤں کے علاوہ ایس ایل ایف کے کارکنوں نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے سرپرستِ اعلےٰ امان اللہ خان نے کہا کہ بھارتی حکومت گزشتہ باسٹھ سالوں کے دوران کشمیری عوام کی تحریک آزادی کو کچلنے کا ہر ہربہ آزما چکی ہے لیکن اسے بالآخر دھول چاٹنی پڑی ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت چاہے جتنے ظلم کر لے کشمیری عوام کے جذبوں کو ختم نہیں کر سکتا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی سول سوسائٹی اور اقوامِ عالم جو کشمیریوں سے یہ مطالبہ کر رہی تھیں کہ وہ پرامن طور پر اپنی تحریک کو آگے بڑھائیں ہم کشمیری عوام کی پیٹھ پر کھڑے ہوں گے لیکن آج ان میں سے کسی کو بھارتی افواج کے مظالم نظر نہیں آرہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بھارتی حکومت اور عالمی برادری کو بھرپور موقع دیا کہ وہ کشمیریوں کی پرامن آواز کو سنیں لیکن لگتا ہے کہ کشمیریوں کی امن کی آواز کو بھارت اور اقوامِ عالم کشمیریوں کی کمزوری سمجھتی ہیں تو وہ یہ یاد رکھیں کہ کشمیری قوم نے بندوق چھوڑی ضرور ہے لیکن اس کو چلانا نہیں بھولی۔ انہوں نے استفسار کیا کہ کیا بھارتی حکومت اس خطہ میں انسانیت کی موت کا تماشہ دیکھنا چاہتی ہے؟ انہوں نے اقوامِ عالم سے استفسار کرتے ہوئے کہا کہ کیا دنیا میں امن اور تہذیب کے ٹھیکیدار بھی جنوبی ایشاءکو خاک کے ڈھیر میں تبدیل ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ اگر اقوامِ عالم اور بھارت کی سول سوسائٹی خطہ میں امن کی خواہاں ہے تو انہیں آگے بڑھ کر بھارتی سرکار کے ہاتھ روکنا ہوں گے۔مظاہرین سے خطاب کرتے فرنٹ کے دیگر قائدین نے کنٹرول لائن پر حالےہ کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے سینے پر کھینچی گئی منحوس خونی لکیر بھارت و پاکستان کی سرحد نہیں ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کنٹرول لائن سے دونوں ممالک کی افواج کو واپس بلایا جائے اور کنٹرول لائن کو غیر معلق کر دیا جائے۔ انہوں نے واضع کیاکہ اگر کشمیری عوا م پر مظالم کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو یہ سلسلہ اس خطہ کیلئے کسی بڑی تباہی کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کی حکومتیں کشمیر کو اپنا اٹوٹ انگ اور شہہ رگ قرار دیتی ہیں جبکہ حقیقت میں کشمیری عوام کو دونوں طرف سے مارا جا رہا ہے۔رہنماؤں نے دونوں حکومتوں پر واضح کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر نہ تو کسی کا اٹوٹ انگ ہے نہ شہہ رگ، ریاست جموں کشمیر کشمیریوں کا ہے اور اس کے واحد مالک کشمیری عوام ہیں۔ احتجاجی مظاہرے سے لبریشن فرنٹ کے مرکزی رہنما حافظ انور سماوی، محمدرفیق ڈار، زونل سینئر نائب صدر ضیاءالحق ضیائ، زونل آرگنائزر راجہ غلام مجتبیٰ، عبد الحمید بٹ، خواجہ پرویز اقبال، محمد سلیم ہارون سمیت دیگرکئی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔
No comments:
Post a Comment