حریت وفد کوپاکستانی وزیراعظم کی یقین دہانی، میرواعظ اور دیگر قائدین اسفند یارولی خان سے بھی ملاقی
نثار احمد ٹھوکر
نثار احمد ٹھوکر
اسلام آباد// پاکستانی وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے خواہشات اور انکی امنگوں کے عین مطابق مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کا خواہاں ہے۔وزیر اعظم پاکستان نے ان خیالات کا اظہار میر واعظ عمر فاروق کی قیادت میں حریت کے 7رکنی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔میٹنگ میں پروفیسر عبدالغنی بٹ، بلال غنی لون، مختار احمد وازہ، آغا حسن ، مولوی عباس انصاری ، مصدق عادل شریک تھے جبکہ پاکستان کی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کے علاوہ اعلیٰ حکومتی عہدیداراں بھی میٹنگ میں موجود تھے۔اس موقعہ پر گفتگو کرتے ہوئے پرویز اشرف نے وفد کو یقین دلایا کہ مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کے حوالے سے پاکستان کی اعلیٰ سیاسی قیادت اورتمام سیاسی جماعتیں مکمل طور پر متفق ہیں اور اس مسئلہ پر کسی قسم کی دورائے نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کے حوالے سے پاکستان کے عوام اور حکومت کشمیر یوں کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی سطح پرحمائت جاری رکھے گا۔حریت لیڈروں کے کردار اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے فورم کے نقطہ نظر کو سراہتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ انکا موقف ہے کہ کشمیری قیادت کو پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری مذاکراتی عمل میں شریک کیا جائے۔ بعد ازاں کشمیر عظمیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے میر واعظ عمر فاروق نے میٹنگ کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس کے دوران انہوںنے وزیر اعظم پاکستان کو کشمیر کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ کشمیری قیادت کو مذاکراتی عمل میں شامل کیا جائے تاکہ مسئلہ کشمیر کا پرامن اور دیر پا حل تلاش کیا جاسکے۔میرواعظ نے اس موقع پر پاکستانی عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی نا مساعد حالات کے باوجود بھی پاکستان نے کشمیر کاز کی حمائت کی۔انہوں نے کہا کہ کشمیرعوام پاکستان کے اس جذبے کوانتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔میر واعظ نے کشمیر ی عوام کی قربانیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی برادری نے بھی مسئلہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تسلیم کرتے ہوئے اس کے پرامن اور فوری حل کی حمائت کرتی ہے لہٰذا بدلتی ہوئے عالمی صورتحال کے پیش دونوں ملکوں کو چاہیے کو وہ ایک ایسا طریقہ کار وضع کرے جس کے تحت کشمیریوں کو اس مذاکراتی عمل میں شریک کیا جاسکے۔دریں اثناء حریت وفد نے عوامی نیشنل پارٹی کے صدراور خان عبدالغفارخان کے پوتے اسفند یار ولی خان سے بھی ملاقات کی۔اسفند یار ولی نے کہا کہ انکی پارٹی کشمیری عوام کے پرامن، سیاسی اور جمہوری جدوجہد کی مکمل حمایت کرتی ہے۔اس موقعہ پر اے این پی کے دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔حریت وفد رات کاپاکستان کے سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ق)کے سربراہ چوہدری شجاعت اور پارٹی کے دیگر رہنمائوں سے ملاقات کا پروگرام ہے۔اس سے قبل حریت وفد جو گذشتہ روز مظفر آباد کے ایک روزہ دورے پر تھا علیٰ الصبح ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسلام آباد پہنچ گیا۔حریت وفد نے مظفر آباد میں مہاجر ملت میر واعظ مولوی محمد یوسف شاہ (مرحوم) اور کے ایچ خورشید کے مزارد پہ حاضری دی اور مرحومین کے ایصال ثواب کیلئے فاتح خوانی کی۔
No comments:
Post a Comment