Thursday, December 27, 2012

حریت وفد کی وزیر امور کشمیر میاں منظور وٹو سے ملاقات

ایل او سی کے آر پار مزید راستے کھولنے پر اتفاق

اسلام آباد//حریت (ع) کی وفد نے میر واعظ عمر فاروق کی قیادت میں وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان میاں منظور احمد وٹو سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے سینئر وزیر چودھری یاسین کے علاوہ چیف سکریٹری شہزاد ارباب جہانگیرخان اور کشمیر کونسل کی ممبران بھی موجود تھے۔ میٹنگ کے بعد پریس کے نام جاری بیان کے مطابق دونوں طر ف کے رہنمائوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ حریت پاکستان اور بھارت کے مابین بہتر تعلقات اور تجارت کی حمایت کرتی ہے اور پاکستان او ر بھارت کے درمیان بہتر تعلقات کو مسئلہ کشمیر کے حل کے ساتھ منسلک رکھا جائے ۔اجلاس میں طے پایا گیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات کو بامعنی اور جامع بنایا جائے اور کشمیری قیادت کو ان مذاکرات میں شامل کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو اس با ت کا پابند بنایا جائے کہ وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کو روکے اور انسانی وقار اور تقدس کو بحال کرے ۔ کنٹرول لائن کے دونوں اطراف آمدو رفت کے لئے کشمیریوں کو ٹرانسپورت کی بہترسہولیات مہیا کی جائیں اور آمدو رفت کے مزید راستے کھولے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان بین المذاہب دورہ جات اور زائرین کی سہولت کے لئے طے شدہ طریقہ کار پر عمل درآمد کروایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں کنٹرول لائن کے دونوں اطراف تجارت کو فروغ دیا جائے ۔ کشمیری راہنمائوں سے بات چیت کرتے ہوئے میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ کشمیر ی عوام کے ساتھ ہے اور اُن کے حق خود ارادیت کی حمایت کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری ایک زندہ قوم ہیں اُن کا آزادانہ رائے شماری سے اپنے مستقبل کے فیصلہ کا موقف برحق اور اصولی ہے ۔ پاکستان ہر سطح پر کشمیریوں کے اصولی موقف کی حمایت جاری رکھے گا ۔ وٹو نے کہاکہ پاکستان نے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنے موقف کو بہترین انداز میں اجاگر کیا ہے ۔انہوں نے بھار ت پر زور دیا کہ وہ کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت کا موقع دے ۔ وٹو نے کہاکہ کشمیر کو جنگ یا اسلحہ کے زور پر آزاد نہیں کیا جاسکتا۔ سہ فریقی مذاکرات ہی سے مسئلہ کشمیر کا کوئی حل نکالا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ایک مضبوط پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے ،اداروں کو مضبوط کیا ہے اور آئین کو اصل شکل میں بحال کیا ہے ۔ انکا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ ، عدلیہ اور الیکشن کمیشن جیسے اداروں کو اتنا مضبوط کردیاہے کہ آج خطہ کے دوسرے ممالک ہماری تقلید کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ایک مضبوط پاکستان ہی عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر زیادہ بہتر اور موثر انداز میں اجاگر کرسکتا ہے ۔انہوں نے کہا آزادخطے میں تعمیر و ترقی کے حوالے سے بتایا کہ حال ہی میں خطے میں 3میڈیکل کالجز اور یونیورسٹیاں قائم کی گیں ہیں۔ اجلاس میں میر واعظ عمر فاروق کے علاوہ پروفیسر عبدالغنی بھٹ ، مولاناعباس انصاری ، آغا سید حسن موسوی ، بلال غنی لون ، مختار احمد واراء اور محمد مصدق عادل شامل تھے ۔

No comments:

Post a Comment