حریت وفد سے ملاقات میں حنا ربانی کی یقین دہانی
میرواعظ سمیت ارکان کی مزار قائد پر حاضری ، ایم کیو ایم سے بات چیت
میرواعظ سمیت ارکان کی مزار قائد پر حاضری ، ایم کیو ایم سے بات چیت
نثار احمد ٹھوکر
اسلام آباد// پاکستانی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ پاکستان تناز عہ کشمیر کا حل کشمیری عوام کی خواہشات ، انکی امنگوں اوراقوام متحدہ کی قراردادوں کے عین مطابق چاہتا ہے۔حناربانی کھر نے ان خیالات کا اظہار یہاں گذشتہ رات وزارت خارجہ کے دفتر میںحریت (ع)کی سات رکنی وفد سے چار گھنٹہ طویل ملاقات کے دوران کیا۔انہوں نے واضع کیا کہ پاکستان ہمیشہ پاک بھارت مذاکراتی عمل میںکشمیری قیادت کوشمولیت کی ضرورت پر زور دیتا آیا ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ کشمیرکے مسئلے کو کسی بھی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔وفد کی پاکستان آمد کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہوں نے حریت قائدین کو یقین دلایا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی تمام جماعتیں متحد اور یکسو ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں جاری عوامی تحریک نے یہ ثابت کیا کہ کشمیرکسی طر ح سے بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔انکا کہنا تھا کہ اس دیرینہ مسئلے کو کشمیری عوام کی خوہشات اور امنگوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت ہے۔وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ پریس بیان کے مطابق حناربانی کھرنے حکومت پاکستان اور عوام کی طرف سے کشمیر میں جاری تحریک میں حریت کے کردار کو سراہا۔وزیر خارجہ نے کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔حریت قائدین نے اس موقعہ پر اپنے موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام پاک بھارت تعلقا ت کیخلاف نہیں تاہم انکا کہنا تھا کہ تنازعہ کشمیر کا منصفانہ اور آبرومندانہ حل تلاش کرنے کے لئے ضروری ہے کہ کشمیری قیادت کو شامل مذاکراتی عمل میں شامل کیا جائے۔ذرائع کے مطابق حریت رہنمائوں نے سیز فائر لائن کے آرپار اعتماد سازی کے عمل کو مزیدبڑھاوا دینے کیلئے کچھ نئی تجاویز بھی دی ہیں۔انہوں نے حکومت پاکستان پر زور دیا کہ وہ عالمی سطح پر سفارتکاری تیز کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے پرامن اور فوری حل کیلئے اپنی کوششیں تیز کرے۔اس موقعہ پر میر واعظ عمر فارق کی قیاد ت میں حریت (ع) کی وفد نے پاکستان کی حکومت اوریہاں کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نامساعد حالات کے باوجود بھی کشمیریوں کی جدوجہد کو غیر مشروط حمایت جاری رکھی۔انہوں نے حریت قائدین کو پاکستان آنے کی دعوت دینے پر وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کا بھی شکریہ ادا کیا۔دریں اثناء میر واعظ کی قیادت میں حریت وفدنے جمعرات کو کراچ پہنچ کر قائد اعظم محمد علی جناح کے مزارپر حاضری دی اور فاتحہ پڑھی۔بعدازاں حریت (ع)وفد نے متحدہ قومی مومنٹ کے ہیڈکوارٹر نائن زیروپر متحدہ قومی مومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ممبران سے بات چیت کی ۔ایم کیو ایم نے کشمیر ی قائدین کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔اس موقعہ پر گفتگو کرتے ہوئے متحدہ کے مرکزی قائدین نے کشمیر ی رہنمائوں کو یقین دلایا کہ وہ کشمیریوں کی پر امن جدوجہد کی بھر پور حمائت کرتے ہیں۔ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ متحدہ کے قائد الطاف حسین نے فون پر حریت رہنمائوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے لئے کوششیں کرے گا اور اس ضمن میں وہ اقوام متحدہ کے سیکری ٹری جنرل بان کی مون کو خط بھی لکھیں گے۔
No comments:
Post a Comment