’بانکی مون کا دورہ تنازعہ کشمیر کے پر امن حل کی جانب ایک مثبت قدم ثابت ہوگا‘
نثار احمد ٹھوکر
راولپنڈی//پاک زیر انتظام کشمیر کے سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ مسلم کانفر نس اور اہل کشمیر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل مسٹر با نکی مون کے تین روزہ دورہ بھارت کا خیرمقدم کرتے ہوئے دلی خواہش ظاہر کرتے ہیں کہ جنوبی ایشاء میں اقوام متحدہ کا کردار مزید موثر ہو نا چاہیے۔ صدر مسلم کانفر نس نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نام ایک یاداشت میںکہا ہے کہ مسئلہ کشمیر چونکہ اقوام متحدہ کے ایجنڈا پر ہے لہذا یہ اقوام عالم کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس دیرینہ مسئلے کے پرامن حل کے حوالے سے اپنا کردار اداکریں۔ایسٹ تمور کا حوالہ دیتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے اپنے خط میں اس بات کی نشاندہی کی ہے کہ کشمیر جیسے دیگر عالمی تنازعات کو حل کیا گیا ہے لیکن بد قسمتی سے کشمیر کا مسئلہ جو عالمی برادری کے لئے ایک بہت بڑا چلینج ہے ابھی تک حل نہیںہوسکاہے جو انتہائی افسوسناک اور حیران کن بھی ہے۔سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اقوام متحدہ کا روڈ میپ پاکستان بھارت ،کشمیریوں اور بین الاقوامی برادری نے تسلیم کیا ہے اور یو این او کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیری پاک بھارت مذاکرات کی حمائت کرتے ہیں۔انکا کہنا تھاکہ کشمیریوں کی جانب سے مذاکرات کی حمائت دونوں ملکوں کویہ موقعہ فراہم کرتا ہے کہ وہ کشمیریوں کے اس مثبت رویہ کی بنیاد پر مذاکراتی عمل کا دائر کار مزیدوسیع کرتے ہوئے ڈائیلاگ میں کشمیریوں کوشمولیت کا موقعہ فراہم کریں۔ انہوں نے بانکی مون کو سیاچن سانحہ کے پیش نظر کشمیر کا دورہ کر نیکی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ انکے دورہ انسانی ہمدردی کے اظہار کے ساتھ ساتھ تنازعہ کشمیر کے پر امن حل کی جانب ایک مثبت قدم ثابت ہوگا۔ ایک الگ بیان میںسردار عتیق نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے دورہ بھارت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری مسئلہ کا پر امن مذاکراتی حل چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا مسئلہ کشمیر اس خطے میں تنازعات اور مسائل پید ا کرنے والی سانحہ ساز فیکٹری بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاچن کا برفانی تودہ اسی سانحہ کا تسلسل ہے اس لئے کہ سیاچن جموںوکشمیر کا حصہ ہے اور امریکی صدر و چین کے وزیر اعظم دونوں اپنے دورہ بھارت کے دوران اس کے پر امن سیاسی حل پر زور دے چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہل کشمیر کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے پر زور اپیل ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کے لئے بھارت کو آمادہ کریں۔ سردار عتیق احمد نے کہا کہ مسلم کانفر نس سرینگر سے لیکر لداخ تک کے تمام طبقات کی نمائندگی کر نے والا نمائندہ سیاسی پلیٹ فارم ہے اس لئے تمام طبقات کے دکھ اور اذیت کو بھی پوری طرح محسوس کرتے ہیں۔