Thursday, April 12, 2012

’برطانیہ مسئلہ کشمیر حل کرانے کیلئے فعال کردار ادا کرے‘



چوہدری مجید برطانوی رکن پالیمنٹ سے ملاقی
اسلام آباد//پاک زیر انتظام کشمیر کے وزیر اعظم چوہدری عبد المجید نے مسئلہ کشمیر کوتقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ برطانیہ جو مسئلہ کشمیر کا اہم فریق ہے کو کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق استصواب رائے دلانے میں اپنا کردار ادا کرے ۔ کشمیر ہائوس میں برطانوی رکن پارلیمنٹ سٹیو بیکر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعظم چوہدری نے کہا کہ بھارت نے 64سال گزرنے کے باوجود مسئلہ کشمیر پر اپنے کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے ۔انکا کہنا تھا کہ کہ کشمیریوں کے ساتھ کئے گئے وعدوں پر عمل درآمد کرنے کے بجائے بھارت نے  نہتے اور بے گناہ کشمیریوں کے خلاف طاقت کا بے جا استعمال کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ وہ سٹیو بیکر کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں،گمنام قبروں اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا معاملہ برطانوی پارلیمنٹ میں اُٹھایا۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ مادر جمہوریت ہے اور یہ اس کی ذمہ داری ہے کہ وہ درینہ مسئلہ کشمیر حل کروانے میں اپنی ذمہ داری پوری کرے ۔وزیر اعظم نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے کے لیئے بھارت پر دبائو ڈالے ۔وزیر اعظم نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کشمیری بھارت کے خلاف نہیں ہیں البتہ ہم اس کی کشمیر پالیسی کے خلاف ہیں جس کے تحت اس نے کشمیریوں کا حق خود ارادیت دبا رکھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل گلوبل پیس کیلئے بھی ناگزیر ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ صدرآصف علی زرداری اور وزیراعظم منموہن سنگھ کے درمیان ملاقات سے پاک بھارت مذاکرات کی فضاء ساز گار بنے گی۔  اس موقعہ پر گفتگو کرتے ہوئے برطانوی رکن پارلیمنٹ سٹیو بیکر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر برطانیہ کو فعال کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ قوموں کے درمیان ’’رول آف لا‘‘ قائم کرنے کے لیئے کردار ادا کرے تا کہ ممالک اپنے عالمی سطح پر کیئے گئے وعدوں سے منحرف نہ ہو سکیں۔مسئلہ کشمیر اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حق میں اپنی مہم کے حوالے سے سٹیو بیکر نے کہا کہ وہ پارلیمنٹ کے بعد اس معاملہ کو عوام کے اندر روشناس کرائیں گے اور اس کے بعد اس معاملہ کو یورپی عوام تک لے جائیں گے ۔ سٹیو بیکر نے کہا کہ برطانیہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تمام ایشوز کو پرامن طریقے سے حل کرنے کا خواہاں ہے ۔ایک سوال پر سٹیو بیکر نے اتفاق کیا کہ برطانیہ سمیت عالمی طاقتوں نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے دیگر عالمی مسائل کے مقابلے میں مسئلہ کشمیر کو کم اہمیت دی ہے جو ان کا انسانی حقوق کے تحفظ و فروغ پر دہرا معیار ہے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کا حق خود ارادیت اقوام متحدہ کی قراردادوں اور ڈکلوریشن کے مطابق حل کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ برٹش کشمیری اس بات کے مکمل حق دار ہیں کہ مسئلہ کشمیر پر امن طریقے سے حل کیا جائے تا کہ ان کی نسلیں بہی خوشحالی دیکھ سکیں ۔سٹیو بیکر نے یقین دہانی کرائی کہ وہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھیں گے انہوں نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر کوئی بھولا ہوا ایجنڈا نہیں ہے ۔انہوں نے ایک اور سوال پر کہا کہ حالیہ صدر آصف علی زرداری اور منموہن سنگھ مذاکرات سے توقع کی جا سکتی ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ مزید بڑھے گا اور ان کے درمیان تمام حل طلب مسائل پرامن طور پر مذاکرات کے ذریعے حل ہوں گے ۔انہوں نے پاکستان اور بھارت دونوں ملکوں پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کے لیئے طریقے تلاش کریں۔

No comments:

Post a Comment