Thursday, April 19, 2012

مذاکراتی عمل میں کشمیریوں کی شمولیت ناگزیر‘


بیرسٹرچودھری اور محمدیاسین ملک کی پریس کانفرنس

اسلام آباد//پاک زیر انتظام کشمیر کے سابق وزیراعظم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ چیئرمین یٰسین ملک نے کہا ہے کہ کشمیری پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکراتی عمل کے خلاف نہیں بلکہ انکی خواہش ہے کہ پاک بھارت مذاکرات جاری رہیں تاکہ تمام تصفیہ طلب معاملات بالخصوص مسئلہ کشمیر کاپرامن اور منصفانہ حل تلاش کیا جاسکے تاہم انکا کہنا تھا کہ پاک بھارت مذاکرات میں کشمیریوں کی شمولیت انتہائی ناگزیر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے بغیر پاک بھارت مذاکراتی عمل میں مثبت پیشرفت نہیں ہو سکتی۔ان خیالات کا اظہار دونوں لیڈروں نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔فرنٹ چیئرمین یاسین ملک نے کہا کہ کشمیریوں نے بیش بہا قربانیاں دی ہیں اور اب یہ کہنا مناسب نہیں کہ اس دیرینہ مسئلے کو آئندہ نسلوں پر چھوڑ دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے قربانیاں دی ہیں اوروہ آئندہ بھی مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ اب جبکہ کشمیری عدم تشدد کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیںتو بھارت کو بھی چاہئے کہ اسی جذبہ کیساتھ مسئلہ کشمیر، کشمیریوں کی مرضی و منشاء کے مطابق حل کرے۔ملک کا کہنا تھا کہ جہاں تک Statusqoیامسئلہ کشمیر کو سردخانے میں ڈالنے کاسوال ہے ،یہ کشمیریوں کو قابل قبول نہیں کیونکہ کشمیریوں نے آزادی کیلئے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔انکا کہنا تھا کہ اب جبکہ کشمیریوں نے 9/11 کے بعد انٹرنیشنل کمیونٹی کی خواہش پر عدم تشدد کی جدوجہد شروع کی ہے لہٰذااب دیکھنا یہ ہے کہ بین الاقوامی برادری کیا کردار ادا کرتی ہے۔اس موقع پربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ وہ کشمیری قیادت کے ہر فیصلے پر لبیک کہیں گے کیونکہ انہوںنے انتہائی مشکل حالات میںاس تحریک کو جاری رکھا ہوا ہے اور بھارتی فوج کے مظالم کے باوجود جدوجہد کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔انکا کہنا تھا کہ بھارتی توپ و تفنگ اور بربریت کے باوجوبھی کشمیرکے عوام کے جذبہ حریت کو نہیں دبا سکی۔انہوں نے کہا کہ وہ عالمی سطح پرمسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ حد متارکہ کے اس جانب کشمیری قیادت وہ کردار ادا نہ کرسکے جو کہ تحریک آزادی کے بیس کیمپ سے کیا جانا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ کشمیری بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ وہ انکی جدوجہد میں انکے شانہ بہ شانہ شریک ہیں۔اس سے قبل بیرسٹر سلطان محمود چوہدری، یٰسین ملک اور حریت رہنمائوں نے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے بین الاقوامی سطح پر کوششیں تیز کرنے کے مختلف پہلوئوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔

No comments:

Post a Comment